کاروار 12/اگست (ایس او نیوز)ضلع انچارج وزیر مسٹر آر وی دیشپانڈے نے بتایا ہے کہ ضلع شمالی کینرا کے 7تعلقہ جات میں 36کرورڑ روپے کی لاگت سے منی ودھان سودا کی تعمیر عمل میں آئے گی۔ اور یہ منصوبہ آئندہ ایک سال کے اندر مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے ضلع ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں منی ودھان سودا کی تعمیر کے سلسلے میں کارروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے یہ بات کہی۔
انہوں نے بتایا کہ کاروار، سداپور،جوئیڈااورہوناورمیں پانچ پانچ کروڑ روپے،بھٹکل تعلقہ میں دس کروڑ روپے، یلاپور اور ہلیال میں تین تین کروڑ روپے منی ودھان سودا کی تعمیر پر خرچ ہونگے۔سرکاری محکمہ کے افسران سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہا کہ بہت سی جگہوں پر فی الحال کام کا آغاز ہو بھی چکا ہے۔اس لیے متعلقہ محکمہ کے افسران کو چاہیے کہ کام کے معیار پر پوری طرح نظر رکھیں اور اس کا معائنہ کرتے رہیں۔
مسٹر دیشپانڈے نے بتایا کہ کاروار میں ایک جدید اور تما م سہولتوں سے آراستہ ضلع کامپلیکس کی تعمیر کے لئے 25کرورڑ روپے اخراجات کے تخمینہ کے ساتھ عمارت کانقشہ سرکار کو منظوری کے لئے پیش کیا گیا ہے۔اس کی منظوری ملتے ہی اس منصوبے پر کام شروع ہوجائے گا۔